خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی برفباری نے اب قریبی میدانی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
مقامی افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ علاقے، جہاں دہائیوں سے برفباری نہیں ہوئی تھی اب سفید چادر میں ڈھک چکے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، بنوں کی تحصیل بکاخیل، شانگلہ کی تحصیل بشام، بٹگرام کا علاقہ تھاکوٹ، تورغر، کوہستان، مانسہرہ کے علاوہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ اور میرعلی میں بھی دہائیوں بعد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
علاقہ مکین سڑکوں پر نکل کر برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جبکہ نوجوان ان مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی برفباری پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
بعض صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ گرم علاقوں میں برفباری موسمی تبدیلی کی علامت ہو سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔









