آتش محسود/خانزیب محسود
موبائل سروس معطل ہونے کی وجہ سے جنوبی وزیرستان اپر کا دنیا سے موصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ،تاجر اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے.
شہری اپنے عزیز و اقارب سے رابطہ کرنے کے لیے شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان لوئر جاتے ہیں یا پھر اونچے پہاڑ وں کا رخ کرتے ہیں۔
تحصیل تیارزہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے عرفان نے نیوز کلاؤڈ کو بتایا کہ وہ یونیورسٹیوں میں داخلوں کے حوالے سے دوستوںاور رشتہ داروںسے رابطےمیں ہوتا تھا تاہم ایک ہفتے سے نیٹ ورک بند ہونے کی وجہ سے وہ ہر چیز سے بے خبر ہیں.
انہوںنے کہا کہ علاقے میںجب انٹرنیٹ نہیں ہوگا موبائل فون کام نہیں کریگا تو ایسے علاقے میں کون آباد ہوسکتا ہے،حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی جگہ الٹا ان سے دی گئی سہولیات واپس لے رہاہے.
جنوبی وزیرستان اپر کا سب سے بڑا تجارتی مرکز مکین ہے .مکین بازار کے تاجروںکو موبائل نیٹ ورک بند ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے.
مکین سے تعلق رکھنے والے ایک دوکاندار اشرف خان نے نیوز کلاؤڈ کو بتایا کہ علاقے میں لینڈ لائن کی سروس نہیں ہے او پر سے امن وامان کے نام پر پہلے انٹرنیٹ بند کردی گئی اور ہفتہ ہونے کو ہے کہ موبائل نیٹ ورک بند کیا گیا ہے.
انہوںنے کہا کہ مجھ سمیت متعدد دکانداروں کو کاروباری لین دین میںسخت مشکلات کا سامنا ہے ،ایک طرف اگر بدامنی ہے تو دوسری طرف فون کال کےلئے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک جانا پڑتا ہے.
اس سے قبل جنوبی وزیرستان اپر میں حکومت کی جانب سے گذشتہ کئی مہینوںسے انٹرنیٹ کی فراہمی روک دی گئی ہے.
شعبہ درس وتدریس سے منسلک سراروغہ کے رہائشی رضوان اللہ محسود کا کہنا ہے کہ ہم تو تھری جی فورجی کی بحالی کی امید رکھ رہے تھے اور حکومت نے موبائل نیٹ ورک ہی بند کردیا.
انہوںنے کہا کہ جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر سے منتخب نمائندے ایم این اے مولانا جمال الدین اور ایم این اے علی وزیر کو جنوبی وزیرستان میںانٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بحالی کے حوالے سے نہ صرف اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھانی چاہیئے.
انہوںنے کہا کہ میئر سروکئی شاہ فیصل غازی اور میئر لدھا تاج ملوک کو مقامی حکومتی اور عسکری اعلی حکام سے ملاقات کرکے اس اہم معاملے کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے.
واضحرہے کہ جنوبی وزیرستان اپر میں موبائل سروس اورتھری جی فورجی سروس کی بندش اور بحالی کا مسئلہ گذشتہ 3سالوں سے جاری ہے،ابھی گذشتہ کئی مہنیوں سے تھری جی فورجی کی سہولت بند ہے جبکہ ایک ہفتے سے تمام موبائل نیٹ ورکس بند کردیئے گئے ہیں۔