اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کیس میں آئندہ سماعت پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو طلب کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 12 میں سے مزید ایک طالب علم بازیاب ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اٹارنی جنرل دستیاب نہیں ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔ اس کیس میں مزید وقت درکار ہے، مہلت دی جائے۔
جج محسن اختر کیانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کو طلب کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔
انہوں نے ریمارکس دیے کہ یہ تو میری مہربانی ہے کہ میں دونوں ڈائریکٹر جنرلز کو نہیں بلا رہا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ اغوا برائے تاوان کی سزا موت ہے، جو لوگ بھی اس کام میں ملوث ہیں ان کو پھانسی ہونی چاہیے، عام طور پر ایک بار پھانسی ہوتی ہے، اِن کیسسز میں ملوث افراد کو 2 بار پھانسی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ ابھی نگران وزیراعظم کو طلب کرتا ہوں، پھر منتخب وزیراعظم کو بھی طلب کروں گا۔
عدالت نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پیر کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وہ پیر کی صبح 10 بجے پیش ہو کر بتائیں کہ کیوں نہ ان کے خلاف مقدمہ کیا جائے؟
عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر (19 فروری) تک ملتوی کردی۔