وہاب وزیر
شمالی وزیرستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میران شاہ میں بنوں میران شاہ مین روڈ پر واقع چشمہ سربندکی پولیس چیک پوسٹ پر ایک مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم14 عام شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق، جمعے کے روز ہونے والے اس دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی زد میں آکر قریبی موجود راہگیر اور عام شہری شدید متاثر ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال میران شاہ منتقل کیا۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر آصف اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک14 زخمیوں کو ہسپتال لایا جا چکا ہے، جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمارے پاس ابھی تک کسی شہادت کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم مزید زخمیوں کے ہسپتال لائے جانے کا امکان ہے جس کے لیے ہم الرٹ ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد بنوں میران شاہ روڈ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔









