جنوبی وزیرستان: لاپتہ معصوم عمران کا قاتل کون نکلا؟ پولیس نے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل کر دیا

جنوبی وزیرستان لوئر پولیس نےتحصیل وانا کے علاقے تنائی سے تعلق رکھنے والے کمسن بچے عمران کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملوث ملزم کو گرفتار کر کے میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محب ولد نور محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے کمسن عمران کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قریبی پہاڑی نالے میں لے جا کر قتل کر دیا تھا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ زیادتی کے بعد عمران نے گھر جا کر راز فاش کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کے خوف سے اس نے بچے کی جان لے لی۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بکریاں چرانے جانے والا کمسن عمران لاپتہ ہو گیا تھا۔ دیر تک گھر واپس نہ لوٹنے پر جب اہل خانہ نے تلاش شروع کی تو اگلے روز قریبی پہاڑی سے اس کی تشدد زدہ لاش ملی۔

اس واقعے پر مقامی افراد، سماجی اور سیاسی کارکنوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تنائی کے مقام پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور انتظامیہ کو الٹی میٹم دیا تھا کہ ملزم کی فوری گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں