پی ڈی ایم میں شامل لوگ امریکہ کو ہی اپنا آقا سمجھتے ہیں،مولانا محمد خان شیرانی

بنوں:جمعیت علماءاسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل لوگ امریکہ کو ہی اپنا آقا سمجھتے ہیں،پی ڈی ایم کے لیڈروں کے بیانات نے یہ بات ثابت کی ہے کہ وہ امریکہ کے غلام ہیں ، یہ لوگ ملک کو خود مختار دیکھنا ہی نہیں چاہتے جبکہ اس کے برعکس ہمارا بھی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہے ،پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد پاکستان کو آزاد حیثیت دلانے کے لئے ہے اور اس میں کوئی کفر نہیں۔

بنوں ٹاﺅن شپ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مولانا کو ایک سو بیس روپے پر جمعیت علماءاسلام سے نکالا گیا اور مولانا کے بیٹے کے مجرے پر ایک سو بیس کروڑ لگے اس کو کیوں جماعت سے نہیں نکالا گیا،ان لوگوں کا اپنے لئے الگ معیار ہے اور دوسروں کے لئے الگ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے اور ان کے اتحاد میں بڑا واضح فرق ہے ،پی ڈی ایم کا اتحاد وزارتوں کی بندر بانٹ کے لئے ہے اور ہمارا اتحاد پاکستان کو حقیقی ازادی دلانے کے لئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاست حسن اخلاق کا نام ہے، سیاست کو اخلاق کے دائرہ میں رہ کر کرنی چاہئے ،مولانا بار بار کہتا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے لوگوں کا اخلاق تباہ کیا ہے تو دوسری طرف جمعیت کے کارکن سوشل میڈیا پر جو فتوے لگاتے ہیں وہ کیا ہے۔