وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹرتک کے بھاری اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت نے عالمی منڈی کی صورتحال کے پیش نظر یہ مشکل فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سمیت پورے خطے میں جنگ جیسی صورتحال کی وجہ سے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سنگین صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی۔
حکومت کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ عالمی منڈی کے اس بوجھ کو کم سے کم عوامی سطح پر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے درجنوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہان سے ٹیلی فون پر رابطے کیے گئے ہیں تاکہ ملک میں ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آئے۔








