جنوبی وزیرستان، امن کمیٹی کا رکن گاڑی پر بم حملے میں زخمی

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی کے علاقے بروند میں مقامی امن کمیٹی کے رکن قادم خان کی گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں قادم خان زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب قادم خان اپنی گاڑی میں معمول کے سفر پر تھے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں جمعیت علمائے اسلام کے مقامی رہنما کو بھی بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

مولانا محمد سلطان کو شدید زخمی حالت میں مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج جاں بحق ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں