جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے نواحی پہاڑی علاقے پت نئی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دو بچے شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق بچے پہاڑی علاقے میں تھے کہ ایک مشتبہ پالش نما ڈبے پر پاؤں پڑنے سے دھماکہ ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے زخمی بچوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کیا۔
ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں دونوں بچے زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے مزید علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیاگیا ہے۔
واضح رہےکہ جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کے واقعات اکثر بچوں کی جانوں کا موجب بنتے ہیں۔
گذشتہ سال نومبر میں جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ کے علاقے مانتوئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 12 سالہ بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
اس سے قبل جون میں تحصیل شوال کے گاؤں رازین میں 13 سالہ بچی بارودی سرنگ کے دھماکے میں جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ مارچ میں تحصیل لدھا میں 10 سالہ بچہ اسی نوعیت کے دھماکے کا نشانہ بنا تھا۔
سال 24میں بھی صورتحال کچھ بہتر نہ تھی۔ مئی 2024 میں تحصیل تیارزہ میں بارودی مواد پھٹنے سے 13 سالہ بچہ بینائی سے محروم ہوگیا تھاجبکہ اسی ماہ تحصیل مکین میں بارودی سرنگ کے ایک اور دھماکے میں دو بچے زخمی ہوئے تھے۔









