خیبر پختونخوا حکومت نے دو اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کر دیا

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران فرائض میں غفلت برتنے والے دو انتظامی افسران کو معطل کر دیا ہے۔

محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ شامل ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ انیس الرحمن اپنے علاقے میں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کو لگام ڈالنے میں ناکام رہے، جس کی پاداش میں انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اسی طرح ایک اور کارروائی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تھری کوہاٹ انعم محمود کو بھی اپنے دائرہ اختیار میں مائننگ مافیا کے خلاف موثر اقدامات نہ کرنے پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق مذکورہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی خیبر پختونخوا گورنمنٹ سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2011 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں