عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے ممکنہ بحران اور سپلائی متاثر ہونے کے شدید خدشات کے پیش نظر خیبر پختونخوا حکومت نےایندھن کے استعمال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری دفاتر کو ایندھن کا استعمال فوری طور پر محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے غیر ضروری سرکاری دوروں اور تمام بڑی تقریبات پر فوری پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں اب صرف انتہائی ناگزیر اور ضروری دفتری امور کے لیے ہی استعمال کی جا سکیں گی۔
نوٹیفکیشن میں افسران کو سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ ایک ہی مقصد کے لیے متعدد گاڑیوں کے استعمال سے مکمل گریز کیا جائے تاکہ سرکاری خزانے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے بین الاضلاعی اور اندرونی اجلاسوں کو بھی زیادہ سے زیادہ آن لائن (Video Link) پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سفر پر اٹھنے والے اخراجات کی بچت ممکن ہو سکے۔









