خیبرپختونخوا کی نئی صوبائی کابینہ نے باضابطہ طور پر حلف اٹھا لیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، نے صوبائی وزراء سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں صوبائی کابینہ کے 10 ارکان نے بحیثیت وزراء اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
حلف لینے والے وزراء میں مینا خان آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمن، ریاض خان، سید فخرجہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل ہیں۔
گورنر نے وزراء سے حلف لینے کے بعد انہیں نیک تمناؤں اور مبارکباد دی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 13 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی جن میں 10 صوبائی وزرا، دو مشیر اور ایک معاون شامل ہے۔
نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کئی دنوں کی تاخیر کے بعد اپنی کابینہ کا اعلان کیا۔ کابینہ میں تجربہ کار ارکان کے ساتھ دو ایسے وزراء بھی شامل ہیں جنہیں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے آخری دنوں میں کابینہ سے ہٹایا تھا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 16 اکتوبر کو حلف اٹھایا تھا اور کابینہ کی تشکیل سے قبل پارٹی قائد عمران خان سے مشاورت کا اعلان کیا تھا۔ ابتدائی طور پر جیل ملاقات کی کوششیں بھی کی گئیں لیکن ممکن نہ ہو سکیں۔ بعد ازاں عمران خان نے اپنے اہلِ خانہ کے ذریعے سہیل آفریدی کو ہدایت کی کہ وہ مختصر کابینہ تشکیل دیں۔
 










 
 
 
 
 
