خیبرپختونخوا میں افسران کے تبادلے

خیبرپختونخوا حکومت نے انتظامی مشینری میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فشریز سمیت 6 اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فشریز خیبرپختونخوا محمد شفیع مروت کو عہدے سے تبدیل کر کے سینئر ڈائریکٹر فشریز تعینات کر دیا گیا ہےجبکہ ان کی جگہ تعیناتی کے منتظر گریڈ 20 کے افسر زبیر علی کو نیا ڈائریکٹر جنرل (DG) فشریز مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سیکشن آفیسر محمد سہیل خان کو تبدیل کر کے ڈیپوٹیشن پر ایگزیکٹیو مجسٹریٹ ڈبلیو ایس ایس پی (WSSP) لگایا گیا ہے۔

اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر گریڈ 17 کے پی ایم ایس افسر حشمت اللہ کو سیکشن آفیسر محکمہ داخلہ و قبائلی امور، جبکہ عزیز الرحمان کو سیکرٹری ڈسٹرکٹ پبلک سیفٹی کمیشن دیر اپر تعینات کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایک اور پی ایم ایس افسر ثناء اللہ کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے (PDMA) خیبرپختونخوا کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔