پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان باشندوں کو پاکستانی شہریت دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب امریکا، برطانیہ اور بیلجیم جیسے ممالک افغان شہریوں کو شہریت دے سکتے ہیں تو پاکستان کو بھی اس حوالے سے عملی قدم اٹھانا چاہیے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہزاروں افغان باشندے کئی دہائیوں سے پاکستان میں آباد ہیں اور یہاں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق اگر ان افراد کو پاکستانی شہریت دی جائے تو وہ ملک میں بھاری سرمایہ کاری کر کے قومی معیشت کو تقویت پہنچا سکتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں جرات مندانہ فیصلہ لینا ہوگا، کیونکہ یہ لوگ پہلے ہی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور شہریت ملنے پر ان کی شمولیت مزید بڑھ جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ قومی مفاد کے لیے پاکستان کو ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جو نہ صرف افغان باشندوں بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی سودمند ثابت ہوں۔
انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے وہ متاثرہ علاقوں میں موجود رہنے کے خواہاں ہیں، اسی لیے پنجاب کا دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پنجاب کے عوام ہمارے بھائی ہیں، اور اگر انہیں کسی تعاون کی ضرورت ہوئی تو خیبرپختونخوا حکومت ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔”