خیبرپختونخواحکومت کا قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھرمیں عارضی اساتذہ بھرتی کرنےکا اعلان

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری تعلیمی اداروں میں عارضی بنیادوں پر اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ تقرریاں چار سے ساڑھے چار ماہ کی مدت کے لیے کی جائیں گی اور ماہانہ 25 ہزار روپے تنخواہ دیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق میدانی علاقوں میں عبوری اساتذہ کی خدمات 16 جنوری سے 31 مئی تک حاصل کی جائیں گی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھرتیوں کا دورانیہ یکم مارچ سے 30 جون تک ہوگا۔

پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی تقرری ایس ڈی ای او کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی، مڈل سکولوں کے لیے ڈپٹی ڈی ای او جبکہ ہائی اور ہائر سکینڈری سکولوں میں ڈی ای او اور متعلقہ پرنسپل بھرتیوں کے مجاز ہوں گے۔ پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کم از کم چار اساتذہ کی دستیابی یا طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :‌ضم اضلاع کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج ’’روښانه قبائل ‘‘تیار،وزیراعلی نے تفصیلات بتادی

اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع میں مجموعی طور پر 5,845 اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے، جن میں لڑکوں کے سکولوں کے لیے 2,910 اور لڑکیوں کے سکولوں کے لیے 2,935 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ ضم اضلاع میں اساتذہ کی تعداد 4,229 مقرر کی گئی ہے، جن میں 392 نشستیں لڑکوں اور 3,837 لڑکیوں کے سکولوں کے لیے رکھی گئی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 10,074 عبوری اساتذہ کی ضرورت ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق ان بھرتیوں کا مقصد تعلیمی اداروں میں تدریسی خلا کو پُر کرنا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ میدانی اور پہاڑی دونوں علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں