خیبر،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف قبائلی رہنما منصف علی خان آفریدی شہید ہوگئے

خیبر:ضلع خیبرکے علاقے باڑہ میں نہ معلوم افراد کی فائرنگ سے ممتاز قبائلی رہنما منصف علی آفریدی شہید جبکہ سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار راہ گیر سمیت زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی زرائع کے مطابق آج بدھ کے روز ممتا ز قبائلی رہنما منصف علی خان آفریدی اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ باڑہ بازار میں ان پر نہ معلوم کار سواروں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں منصف علی آفریدی موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ان سیکیورٹی پر معمور کانسٹیبل قدیرخان ایک راہ گیرسمیت زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

اطلاع ملتے ہی ڈی پی او خیبر کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش جاری ہے ،پولیس تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ منصف علی خان پر حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی پولیس نے برآمد کر لی ہے۔

منصف علی خان آفرید ی نے آج پشاور میں ہونے والے خیبرقومی جرگے میں شرکت کی تھی ۔
واضح رہے کہ منصف علی خان پر اس سے قبل بھی کئی حملے کئے گئے جبکہ ایک کاربم دھماکے میں وہ ایک ٹانگ سے معزور بھی ہوئے تھے ۔