محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نےسروں کی قیمتوں کے ساتھ 128 مطلوب دہشتگردوں کی تیسری فہرست جاری کر دی۔
سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق فہرست میں مطلوب دہشتگردوں کے نام اور تصاویر شامل ہیں.
ان دہشتگردوں کا تعلق بنوں، لکی مروت، مردان اور دیگر اضلاع سے ہے جن کے سروں کی قیمتیں 3 لاکھ روپے سے 70 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق دہشتگردوں کے سروں کی مجموعی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، سب سے زیادہ سر کی قیمت دہشتگرد ظاہر قادر کی 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دہشتگرد حبیب الحق کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کی فہرست میں شامل عجب شاہ کے سر کی قیمت55 لاکھ روپے، حبیب اللّٰہ، شاکر اللّٰہ، سید الاکبر اور نور قیوم کے سر کی قیمت 50، 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں جبکہ کامران، عمر اور اسماعیل کے سروں کی قیمت بھی 50، 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
کفایت اللہ اور نذیر شاہ کے سر کی قیمت بالترتیب 55 لاکھ اور 53 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دہشتگرد کمانڈر مولوی نعمت اللہ اور کامران کے سروں کی قیمت 40، 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔