خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے ایک سرکاری سکول میں زہریلا پانی پینے سے 20 طالبات کی حالت غیر ہوگئی جنہیںفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے.
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول جندری کی واٹر ٹینک میں زہریلی چیز گرنے سے پانی زہریلا ہوگیا اور اس کا پانی پینے سے طالبات کی حالت غیر ہوگئی۔
سکول انتظامیہ نے پانی کا نمونہ لیکر تجزیئے کے لئے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد مزید تفصیل مل جائے گی۔
ریسکیو 1122 نے بروقت کاروائی کرکے موقع پر پہنچ کر 20 کے قریب بچیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دے کرک ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔ بچیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جن میں سے اکثر کو ڈسچارج کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کرک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرک اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر ہسپتال میں موجود ازخود تمام امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو کہ پورے معاملے کی چان بین کرے رپورٹ پیش کرے گی۔