کراچی میں طوفانی بارش اور آندھی، 19 افراد جاں بحق

کراچی میں گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران اب تک 19 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار ماڑی پور میں 97 کلومیٹر اور شارع فیصل پر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جس نے شہر کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

جانی نقصان کے سب سے زیادہ واقعات دیواریں گرنے کے باعث پیش آئے جن میں بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 اور مدینہ کالونی میں 7 افراد لقمہ اجل بنے جبکہ شاہ لطیف مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک شخص جاں بحق ہوا۔
اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن، مچھر کالونی اور مجید کالونی میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شہر میں طوفانی ہواؤں کے باعث کے-الیکٹرک کے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے نارتھ کراچی، کلفٹن، ڈیفنس، گلشن اقبال اور صدر سمیت کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

سڑکوں پر درخت اور بڑے سائن بورڈز گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے جبکہ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے امدادی کاموں اور نکاسیِ آب کے لیے متعلقہ عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ مزید بارشوں کا سبب بن سکتا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں