عرفان محسود نےپانچ سالہ بیٹے سفیان کے ہمراہ بھارتی ریکارڈ توڑ دیا

صدارتی ایوارڈ یافتہ محمدعرفان محسود نے اپنے پانچ سالہ بیٹے سفیان محسود کےساتھ ملکر بھارت کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا.

گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انسانی جسم کے اعضا کے گرد لٹک کر چکر کاٹنے کا نیا عالمی ریکارڈ اب سات اعشاریہ آٹھ سیکنڈز ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود اور سفیان محسود نے اپنے نام کیا۔

عالمی ریکارڈز گینز بک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ریکارڈ رواں سال 19 جون کو بنایا گیا جو اب درج کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل انسانی جسم کے اعضا کے گرد کم ترین وقت میں چکر کاٹنے کا ریکارڈ انڈیا کے پاس تھا۔ انڈیا سے تعلق رکھنے والے کے گوکلناتھ اور ایم وی ارجن پریان نے سنہ 2021 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جس کا دورانیہ نو اعشاریہ سات سیکنڈز تھا۔

عرفان محسود کے مطابق یہ ایک بہت ہی مشکل اور چیلنجنگ ریکارڈ تھا۔

انہوں نے کہاکہ اس ریکارڈ کو کوالا چیلنج بھی کہا جاتا ہے جو کرونا کے دوران کافی پاپولر ہوگیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود 8 سال کے کم عرصے میں 100 گینز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں.عرفان محسود نے اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی تھی۔