ایرانی سکیورٹی نے زاہدان میں 82 افراد کو ہلاک کر دیا،ایمنسٹی انٹرنیشنل

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ایرانی سکیورٹی نے مشرقی شہر زاہدان میں 82 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ 30 ستمبر کو کم از کم 66 افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔تنظیم نے ایک بیان میں مزید کہا کہ زاہدان میں ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے “زیادہ” ہے۔ اس نے جو شواہد اکٹھے کیے ہیں وہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کو “قتل یا شدید نقصان پہنچانے کے واضح ارادے” کو ظاہر کرتے ہیں۔تنظیم نے وضاحت کی کہ ایرانی حکام احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش میں “جعلی اکاؤنٹس” پھیلا رہے ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ نے برسلز سے مطالبہ کیا کہ مہسا امینی کی موت میں ملوث ایرانی اہلکاروں پر پابندیاں عائد کی جائیں اور ایران میں اس کی موت سے ہونے والے مظاہروں کو کچلنے سے روکا جائے۔اسٹراسبرگ میں یورپی اراکین پارلیمنٹ کے اجلاس کے ذریعے ووٹنگ کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ ایرانی حکام، خاص طور پر وہ تمام لوگ جو “اخلاقی” پولیس سے وابستہ ہیں اورمہسا امینی کی موت کے ذمہ دار ہیں انہیں یورپی یونین میں بلیک لسٹ کیا جائے۔اس فہرست میں ایران میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر بھی شامل ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ میں منگل کی شام ایران کی صورت حال پر بحث کے دوران یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اعلان کیا کہ ایران کے خلاف ان کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں جن میں پابندیوں کا آپشن بھی شامل ہے۔یورپی پارلیمنٹ نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاسداران انقلاب کے رہ نماؤں پر عائد پابندیاں نہیں ہٹائی جانی چاہئیں۔یورپی یونین نے 12 اپریل 2011 کو ایران میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو سزا دینے کے لیے پابندیاں عائد کیں۔ 23 مارچ 2012 کو اقدامات کا اضافہ کیا گیا، خاص طور پر ایسے آلات پر پابندی جو اندرونی جبر میں استعمال ہو سکتے ہیں اور ایسے آلات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔