جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے گاؤں شکاری منزاکائی میں مبینہ طور پر جرگے پر مارٹر گولہ لگنے سے مقامی ٹھیکیدار جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں.
ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کا جرگہ جاری تھا کہ اس دوران چھوٹے ڈرون سے ان پر مارٹر گرایا گیا۔
ویلج چیئرمین اسحاق شمیرائی کے مطابق زخمیوں میں گلاخان ، نونا خان گلیشائی ، امین گل ،ارشاد ہیبت خیل ، نورزادہ ہیبت خیل اورنورگل گلیشائی شامل ہیں.
تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جنھیں ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔
واقعے میں جاں بحق شخص کی شناخت خیر اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے ٹھیکیدار تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او)جنوبی وزیرستان اپر نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی تصدیق کی اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
دوسری جانب جے یو آئی فاٹا کے سربراہ اور سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا جمال الدین نے سراروغہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے.
اپنے جاری بیان میں مولانا جمال الدین نے کہا ہے کہ متاثرین کی فوری امداد کی جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں.
دوسری جانب تحصیل سراروغہ کے علاقے کوٹکئی میںگذشتہ روز سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے جاںبحق نورحمن کی لاش کے ہمراہ دھرنا جاری ہے.