شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز پرحملوں میں 3 اہلکار جاں بحق،5 زخمی ہوگئے

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر دو الگ الگ حملوں کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ تحصیل دتہ خیل میں پیش آیا ہے جہاں سکیورٹی فورسز بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسرا واقعہ تحصیل میرعلی کے علاقے نورک میں پیش آیا ہے جہاں سکیورٹی فورسز پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

حملوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں عام لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سکیورٹی فورسز پر حملے رونما ہوتے رہتے ہیں۔

رواں سال 17 مارچ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں عسکریت پسندوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی کمپاؤنڈ سے ٹھکرا دی تھی جس کے نتیجے میں 2 افسران سمیت 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔