خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ (ایل آر ایچ)پشاورنے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث صحت کارڈ پرمفت علاج کی سہولت ختم کردی ۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ صحت سہولت کارڈ پر داخلے اور دیگر سہولیات بند ہیں، سہولیات کی بندش کا فیصلہ بورڈ آف گورنرز میٹنگ میں کیا گیا، ایمرجنسی کے علاؤہ تمام مریض دوائیاں خود خرید کے لائیں گے۔
ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم نے کہا ہے کہ اسپتال میں صحت کارڈ پر مریضوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، مفت علاج کی فراہمی پر دو ارب روپے خرچ کئے ہیں اور اسٹیٹ لائف نے ایل آر ایچ کے دو ارب روپے ادا کرنے ہیں، اب اسپتال کے پاس مفت علاج کے لئے فنڈز نہیں ہیں۔
ترجمان نےْبتایا کہ میڈیسن کمپنیوں نے بقایاجات کی ادائیگی تک مزید ادویات کی فراہمی سے بھی معذرت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت علاج جاری رکھنے کیلئے انشورنس کمپنی سے رابطہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود فنڈز جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ دو سو 20 کنال پر بنا 18 سو بیڈز پر مشتمل لیڈی ریڈنگ ہسپتال 1927 سے نہ صرف اس شہر کے باسیوں بلکہ پاکستان کے تقریباً تمام شمال مغربی علاقوں اور افغانستان کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔