اسلام آباد:الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاہے کہ اس کیس کی جلد سماعت کرکے فیصلہ کریں گے ،
عدالت نے کیس حتمی دلائل کے لیے 13 دسمبر کو مقرر کر دیا۔توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی،عمران خان کے وکیل علی ظفر ، الیکشن کمیشن کے وکلا و دیگر عدالت کے سامنے پیش ہوئے،
لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھابھی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے محسن شاہ نواز رانجھا سے استفسارکیا کہ کیا آپ کا ریفرنس تھا ؟ محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ ہم نے درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو دی تھی ،اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا ۔
عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ عدالت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو مزید کوئی ایکشن لینے سے روک دے،الیکشن کمیشن نے فوجداری کارروائی کے لیے کمپلینٹ فائل کی ہے ،الیکشن کمیشن نے پارٹی سربراہ کو ہٹانے سے متعلق بھی کاروائی شروع کردی ہے۔
الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کے لیے ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔ عدالت اس کو روک دے ، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ عدالت اس کیس کی جلد سماعت کر کے فیصلہ کر دے گی ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔