صرف ایک ایرانی ڈرون گرانے پر کتنے کروڑ روپے خرچ آتا ہے؟ ہوشربا انکشافات

اسرائیل اور امریکہ کی فوجی کارروائیوں کے ردِعمل میں ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر خودکش ڈرونز کے حملے رپورٹ کیے گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، ایران نے اب تک 2000 سے زائد جوابی ڈرون حملے کیے ہیں ۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے ان نسبتاً کم قیمت ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کے لیے اب تک 800 سے زائد دفاعی میزائل داغے جا چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان میزائلوں کی قیمت ایرانی ڈرونز کے مقابلے میں ناقابلِ یقین حد تک زیادہ ہے۔

فنانشل ٹائمز کے سیکیورٹی اور دفاعی امور کے ماہر چارلس کلوور نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ڈرونز کو روکنے کے لیے استعمال ہونے والے ایک پیٹریاٹ میزائل کی مالیت تقریباً 40 لاکھ ڈالرز (تقریباً 1.1 ارب پاکستانی روپے) تک ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ایرانی شاہد ڈرون کی قیمت 20 ہزار سے 50 ہزار امریکی ڈالرز یعنی 56 لاکھ روپے سے لے کر 1 کروڑ 40 لاکھ روپے تک بنتی ہے۔

واضح رہے کہ خلیجی خطے میں امریکی دفاع کا سب سے اہم ذریعہ ‘پیٹریاٹ’ (Patriot) میزائل سسٹم ہی ہے جسے امریکہ اور اس کے اتحادی ایرانی ڈرونز کو نشانہ بنانے کے لیے مسلسل استعمال کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں