قبائلی اضلاع میں برفباری،تیراہ میں نقل مکانی کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا

خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں شدید برفباری اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

شمالی وزیرستان ،جنوبی وزیرستان، کرم، خیبر، مہمند، باجوڑ اور اورکزئی میں برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث کئی راستے بند ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ علاقے میں غذائی اجناس کی قلت پیدا ہونے لگی ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کو گاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات درپیش ہیں۔

شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن رزمک اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ شب سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے وادی کا منظر دلکش ہو گیا ہے۔

پہاڑوں اور درختوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے تاہم برفباری کے باعث بعض رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ہیڈکوارٹر میرانشاہ اور ملحقہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں بھی برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔ مکین، لدھا، تیارزہ، شکئی اور تحصیل برمل میں برفباری کے باعث شدید سردی کی لہر دوڑ گئی ہے جس کے باعث بازاروں میں رش نمایاں طور پر کم رہا۔

ضلع کرم کے ہیڈکوارٹر پاراچنار اور گردونواح کے دیہاتوں میں شدید برفباری سے سڑکیں جزوی طور پر بند ہو گئیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ برف ہٹانے کے آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ اہم شاہراہوں کو بحال رکھا جا سکے اور مریضوں و اشیائے ضروریہ کی ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔

قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل بائیزی میٹی درہ سرکی مورگی میں زبردست برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح ضلع باجوڑ میں بالخصوص ماموند، غاخے، کٹکوٹ، نختر اور گوہاٹی کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔

اورکزئی کے علاقے سانگھڑہ میں شدید برفباری کے باعث سڑک بند ہونے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کلایہ ہیڈکوارٹر سے مشتی میلہ تک سڑک کی صفائی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برفباری کے دوران گاڑی چلاتے وقت انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں