ہنگو: پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس پر حملہ، ایک اہلکار شہید،5 زخمی

ضلع ہنگو کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے لیے جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔

واقعے کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی کوہاٹ عرفان طارق کے مطابق حملے کے فوراً بعد پولیس جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم فرار ہونے والے مسلح افراد اپنے ساتھیوں کو ساتھ لے جانے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس جوانوں نے انتہائی دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنایا اور واضح کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ ہنگو میں جاری پولیو مہم معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں