میرعلی : حیدرخیل روڈ منصوبہ تعطل کا شکار، قومی اتحاد کا کنٹریکٹر پر سنگین الزامات ،انتظامیہ سے نوٹس لینے کی اپیل

میرانشاہ :شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کےحیدرخیل گاؤں کا مرکزی روڈ جو عرصہ دراز سے زیر تعمیر ہے، ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔

قومی اتحاد حیدرخیل نے الزام عائد کیا ہے کہ کنٹریکٹر نظام موسکی منصوبے کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں اور تاخیری حربے استعمال کر کے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔

قومی اتحاد کے جاری کردہ بیان کے مطابق عوامی مفاد کے پیش نظر کنٹریکٹر کی غفلت کو طویل عرصے تک برداشت کیا گیا، اس امید پر کہ معاملہ عزت و احترام سے حل ہو جائے گا،تاہم بارہا ملاقاتوں اور فون کالز کے باوجود موصوف کنٹریکٹر نے کوئی پیش رفت نہیں کی اور اب تو پیغامات کا جواب دینا بھی چھوڑ دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حاجی سرم جان ذاتی طور پر دس سے زائد مرتبہ کنٹریکٹر سے رابطہ کر چکے ہیں، لیکن ہر بار انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اتحاد کے مطابق، گاؤں کے لوگ روزانہ پوچھتے ہیں کہ “روڈ کب بنے گا؟” اور اس سوال کا جواب دینا اب قومی اتحاد کی ذمہ داری بن چکا ہے۔

قومی اتحاد کا کہنا ہے کہ اب خاموشی ناقابل قبول ہے اور وہ سوشل میڈیا اور عوامی دباؤ کے ذریعے اس مسئلے کو اجاگر کریں گے تاکہ ذمہ دار ادارے حرکت میں آئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ روڈ صرف ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں، بلکہ علاقے کی ترقی اور روزگار سے جڑا ہوا ہے، اور اس میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔

حیدر خیل قومی اتحاد نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فوری نوٹس لیں گے تاکہ عوام کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات ملے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں