بنوں اور پشاور میں طوفانی ہواؤں نے تباہی مچادی،خواتین و بچوں سمیت 39 سے زائد افراد زخمی

خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور پشاور میں شدید طوفانی آندھی اور تیز ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہےجس کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 39 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

بنوں میں موسمی صورتحال کے باعث عمارتیں اور دیواریں گرنے سے زخمیوں کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہےجبکہ پشاور میں درخت، چھتیں، سولر پینلز اور پینا فلیکس گرنے سے 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں اضلاع میں امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شانگلہ اورکرم میں مکانات گرنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 9افراد جاں بحق

بنوں میں مدینہ پارک کے قریب اولڈ کرم پل سورانی، غفار خیل تحصیل ککی اور سورانی تلگی مسجد کے مقامات پر ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب پشاور کے علاقوں کوہاٹ روڈ، چمکنی، متنی، اضاخیل، گورنر ہاؤس اور دلہ ذاک روڈ سمیت دیگر مقامات سے موصول ہونے والی ہنگامی کالز پر ریسکیو کی میڈیکل اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہےجبکہ سڑکوں سے درختوں اور سولر پینلز ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔