اسلام آباد: امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبا کے لیے ایک نادر موقع میسر آ گیا ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پی ایچ ڈی کے خواہش مند طلبہ کے لیے امریکی جامعات میں مکمل اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اسکالرشپس “پاک-امریکہ علم راہداری پروگرام” کے تحت دی جا رہی ہیں جس کے ذریعے پاکستانی طلبا امریکا کی 300 نمایاں جامعات میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
ایچ ای سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ درخواستیں صرف ایچ ای سی کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہیں اور اس کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندہ کا پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا لازمی ہے جبکہ کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل ہونا ضروری ہے۔
اس اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ ماہانہ وظیفہ، طبی سہولیات اور وطن واپسی کا ہوائی ٹکٹ بھی شامل ہوگا۔