خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سابق صوبائی وزراء اقبال وزیر اور مبین خلجی تحریک انصاف سے مستعفی

خیبرپختونخوا اور بلوچستا ن کے سابق صوبائی وزراء اقبال وزیر اور مبین خلجی نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چھوڑنے کا اعلان کردیا.

شمالی وزیرستان میں پی ٹی آئی کے صدر اور صوبائی وزیر بلدیات خیبرپختونخو ا اقبال وزیر نے کہا کہ پارٹی کے لیے قربانیاں دیں.

پشاور پریس کلب میں‌پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال وزیر کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں کروڑوں کی پیشکش ٹھکرائی لیکن 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات پر انتہائی افسوس ہوا لہٰذا میں بغیر کسی دباؤ کے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں

دوسری جانب بلوچستان کےسا بق صوبائی وزیرمعدنیات مبین خلجی نے بھی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے.

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمبین خلجی نے کہا کہ ہماری ٹیم سوچ سمجھ کر اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ہم اس ملک کی سلامتی کو بہتر سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں، جس طرح ملک کو نقصان پہنچایا گیا، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس لیے ہماری ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہیں اور چھوڑ دیتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے رہے ہیں بلکہ سوچ بچار کے ساتھ ملک کی سلامتی کے لیے فیصلہ خود کیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد عمران خان کے قریبی ساتھی محمود مولوی،ملک امین اسلم اور عامر محمود کیانی سمیت متعدد رہنما استعفے دے چکے ہیں ۔