خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع لکی مروت، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں گزشتہ روز تین الگ الگ واقعات میں پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا۔
سب سےپہلا واقعہ لکی مروت کی تحصیل پیزو میں پیش آیا، جہاں مبینہ طورپر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے شاہ زیب بھٹنی گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور کے تین اہلکاروں کو مسافر گاڑی سے اتار کر اغواء کیا۔
ذرائع کے مطابق انہیں دو روز تک بیانہ کے پہاڑوں میں قید رکھنے کے بعد قتل کر دیا گیا۔شہداء میں لانس نائیک نسیم، لانس نائیک محمد راشد (دونوں کا تعلق کوہاٹ سے) اور سپاہی محمد شیر (اپر کرم) شامل ہیں۔
اسی روز ضلع ٹانک میں بھی ایک نوجوان کی ذبح شدہ لاش پیزو-ٹانک روڈ پر وانڈہ جوگی کے قریب ملی۔نوجوان کی شناخت افتخار ولد اعجاز احمد سکنہ اما خیل ٹانک کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں گزشتہ روز اغواء کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق انہیں مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں قتل کر کے لاش علاقے میں پھینک دی گئی۔
تیسرا واقعہ جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے شین ورسک میں پیش آیا، جہاں 22 سالہ دکاندار نوجوان حق نواز ولد بہادر خان کو دیکانینہ سٹاپ سے اغواء کیا گیا۔
اس کی لاش شین ورسک کے پہاڑی علاقے کے عقب میں واقع مقام “لگاڈ” سے ملی۔حق نواز روزگار کے سلسلے میں گھر سےنکلا تھا اور دکان پر کام کرتا تھا۔