(ویب ڈیسک)
بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگوچر میں مسلح افراد کی کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر مسافر بسوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر منگوچر علی گل بلوچ نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ رات گئے دہشتگردوں نے مسافر بسوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
علی گل نے خبررساں ادارے وی نیوز کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔ اس دوران دہشت گردوں نے نجی بینک میں گرنیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور بینک نذر آتش ہو گیا۔
حکام کے مطابق جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کوئٹہ سے تقریباً 110 کلومیٹر دور قلات کی تحصیل منگچر میں درجنوں مسلح افراد نے قریبی پہاڑوں سے سکیورٹی فورسز کے کیمپ اور چوکیوں پر فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے۔
قلات لیویز کے ایک آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’حملہ آوروں کی تعداد درجنوں میں تھی اور ان کے پاس کلاشنکوف، راکٹ لانچر اور دوسرے ہتھیار تھے۔
’انہوں نے کم از کم دو مقامات پر کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی قومی شاہراہ کی ناکہ بندی کی۔‘
لیویز افسر کے مطابق خزینی کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران سڑک پر گزرنے والی ایک ہائیس وین پر مسلح افراد نے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار متعدد افراد ہلاک ہو گئے ۔
حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کراچی کی قومی شاہراہ کو بھی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔