ڈیرہ اسماعیل خان:تحصیل کلاچی میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی آغاز خان گنڈا پور کے گھر پرنہ معلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی پر معمور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگئے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرنجم الحسنین کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اہلکار اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت پی ٹی آئی کے ایم پی اے آغاز گنڈا پورگھر پر نہیں تھے تاہم ان کے چھوٹے بھائی اور تحصیل چیئرمین آریز خان گنڈا پور اور اہل خانہ گھر پہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ آغازخان گنڈاپورکے والد اکرام خان گنڈا پور 22جولائی 2018کوایک خود کش حملے میں شہید ہوگئے تھے جبکہ اکتوبر 2013 میں ان کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور بھی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔