ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر مذید حملوں کا خدشہ،سرکاری حکام کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر سرکاری حکام پر مذید حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوری طور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے آئی جی، تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن، اور ٹانک کو مراسلہ جاری کیاگیا ہے۔

مراسلہ میں حکام سے کہا گیا ہےکہ دہشت گرد سرکاری ملازمین کو تاوان کی غرض سے اغواء اور آئی ای ڈی حملے کرسکتے ہیں۔

مراسلے کے متن کے مطابق سرکاری ملازمین کو تاون کی غرض سے اغواء کرنے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ڈیرہ روڈ پر سرکاری اور بینک گاڑیوں کو مذید نشانہ بنانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام سرکاری ادارے گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں تبدیل کرنے سمیت سفر کے اوقات میں تبدیلی لائیں۔

واضح رہے کہ 2 اگست کو خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں ججوں کے قافلے پر ڈیرہ اسماعیل خان جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا تھا جس میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اس سے ایک روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ پر نامعلوم مسلح افرد نے کیش وین کو عملے سمیت اغواء کرکے 5 کروڑ لوٹ لئے تھے.