کابل: افغان دارالحکومت کابل میں نماز جمعہ کے بعد مسجد کے باہر زور دار دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر4افراد جاں بحق جبکہ 10سے زائد زخمی ہوگئے ہیں.
افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ مسجد وزیر محمد اکبر خان کے باہر ہوا، مسجد کے قریب ہی واقع ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے چودہ افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے جن میں سے 4 افراد ہسپتال پہنچنے سے پہلے جان کی بازی ہار چکے تھے اور باقی دس زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے اپنی ٹویٹ میں بتایاہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔
رواں ماہ دارالحکومت کابل میں یہ دوسرا بڑا دھماکہ ہے، اس سے پہلے 5 ستمبر کو روسی سفارت خانے کے سامنے ہونے والے دھماکے میں دو روسی سفارت کاروں سمیت چھ افراد مارے گئے تھےجس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی.