الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں کے حتمی نتائج روک دیئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں انتخابی عذرداریوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی جس دو بینچز تشکیل دیے گئے۔
بینچ نمبر ایک میں ممبر سندھ نثار درانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی جبکہ بینچ نمبر دو میں ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان شامل ہیں۔
اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریٹرننگ افسران زیادہ تر حلقوں میں حتمی نتائج جاری کر چکے ہیں، اس موقع پر نتائج روکنے سے اگلے مراحل تاخیر کا شکار ہوں گے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ 8 فروری والا الیکشن ٹھیک کرایا گیا لیکن 9 فروری کو جو ہوا اس کی الیکشن کمیشن سے شکایت نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن ڈسکہ کیس میں ریٹرننگ افسران کو سخت سزائیں دے چکا ہے، صرف نتائج روکنا کافی نہیں، جس ریٹرننگ افسر نے حلف کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
بابر اعوان نے این اے 106 ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا، جس پر الیکشن کمیشن نے این اے 106 ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حتمی نتائج روکتے ہوئے ریٹرننگ افسر سے رپورٹ مانگ لی۔
الیکشن کمیشن نے پی بی 14 نصیر آباد، پی بی 44 کوئٹہ، پی پی 33 گجرات، پی پی 126 جھنگ اور پی پی 128 جھنگ، پی پی 7 سرگودھا، پی پی 133 ننکانہ صاحب، پی پی 15 راولپنڈی، پی پی 43 منڈی بہاوالدین، پی پی 12 راولپنڈی، پی پی 53، پی پی 4 اٹک، پی پی 121 ٹوبہ ٹیک سنگھ، پی پی 279 لیہ، پی پی 17 راولپنڈی اور پی پی 6 مری میں حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا۔
اسی طرح، این اے 56 راولپنڈی، این اے 53 راولپنڈی، این اے 60 جہلم، این اے 69 منڈی بہاوالدین، این اے 57 راولپنڈی، این اے 52 راولپنڈی، این اے 126 لاہور، این اے 127 لاہور اور این اے 87 خوشاب کے حتمی نتائج جاری کرنے سے بھی روک دیا گیا۔