مسجد قاسم علی خان پشاور کی کمیٹی کا اعلان سامنے آگیا، عید ہفتہ کو ہوگی

مسجد قاسم علی خان کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔

کمیٹی کے اہم رکن مولانا خیرالبشر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسجد قاسم علی خان کو چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے کل بروز جمعہ 30 واں روزہ ہو گا اور عید ہفتہ کے روز ہو گی۔

ادھر زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور نے بھی شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی مکمل تائید کر دی ہے۔

پشاور میں منعقدہ زونل کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے کسی بھی مقام سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا کمیٹی متفقہ طور پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اس فیصلے سے اتفاق کرتی ہے کہ عیدالفطر ہفتہ کے روز ہو گی۔

دوسری جانب پاکستان میں شوال المکرم 1447ھ کا چاند نظر نہیں آیا ہے جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس اور تکنیکی شواہد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کو 30 واں روزہ ہو گا اور عید ہفتہ کو ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں