جنوبی وزیرستان: مبینہ ڈرون حملے میں قبائلی رہنما کا بھائی بیٹی سمیت جاں بحق

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا کے علاقے پٹولائی میں مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک قبائلی رہنما کا بھائی اپنی بیٹی سمیت جاں بحق ہوگیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق علی الصبح بوراکئی لنگرخیل میں قبائلی رہنما ملک مائبل خان لنگرخیل کے گھر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔

حملے کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں ملبے سے نکال لیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں ملک مائبل کے بھائی میر حسن لنگرخیل اور ان کی بیٹی شامل ہیں جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

لدھا سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن عالم زیب محسودنے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے نیوز کلاؤڈ کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے میر حسن کی بقیہ فیملی اس وقت کراچی میں مقیم ہے۔

تاحال واقعے کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال 14 مئی کو تحصیل لدھا کے علاقے تنگی بادین زئی میں مبینہ ڈرون حملے میں‌ ایک ہی خاندان کے خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں‌بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے.

اپنا تبصرہ بھیجیں