جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک، کرمزی اسٹاپ کے نزدیک واقع والی بال گراؤنڈ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہو گئے۔
حملے کے فوراً بعد علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس سے وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے عوام سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے جنوبی وزیرستان لوئر و اپر سے رکن قومی اسمبلی زبیر خان نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرمزی اسٹاپ پر ہونے والا ڈرون حملہ ایک سفاک اور غیر انسانی اقدام ہے، جس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا ظلم اور بربریت کی انتہا ہے۔