ڈیرہ اسماعیل خان،آئل اینڈ گیس کمپنی کے قافلے پر حملے میں پولیس اہلکار جاںبحق،12 افراد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں ایک پرائیویٹ آئل اینڈ گیس ڈرلنگ کمپنی کے قافلے پر حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ پولیس سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق آئل اینڈ گیس کمپنی کے کانوائے پر نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔

واقعہ کے بعد پولیس کی مزید نفری،سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ریسکیو1122 کے جانب سے جاری بیان کے مطابق حملے میں ایک اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

بیان کے مطابق ریسکیو کی میڈیکل ٹیموں نے تمام زخمیوں کو درازندہ ہسپتال منتقل کردیا ہے جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ اس قبل 7 نومبر کو درازندہ میں مذکورہ آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں کےحملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔