ڈیرہ اسماعیل خان، ایف سی کے قافلے پر حملے میں 10 اہلکار جاں بحق ہوگئے

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں 10 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایف سی کا قافلہ ڈیر ہ اسماعیل خان شہر سے درہ زندہ جارہاتھا کہ راستے میں امن میلہ کے علاقے میں گھات لگائے عسکریت پسندوں نے اس پر حملہ کیا۔

حملے میں جاں بحق ہونے والے سپاہیوں کی شناخت نائب صوبیدار محمد جان ، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخون زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبد الصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں ۔

حملے میں ایک اہلکار لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی شناخت سپاہی بصیر سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے جبکہ حملے میں جاں بحق اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا ہے۔