اسلام آباد: سیلاب کی تباہ کاریاں نہ رکیں، 24 گھنٹے کے دوران مزید 37 افراد دم توڑ گئے، ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 545 تک پہنچ گئی ہے۔
سیلاب زدہ علاقوں میں زندگی بحال نہ ہوسکی، تباہ کاریاں ابھی بھی جاری ہیں، سیلاب کا پانی کئی مقامات پر تاحال جمع ہونے کے باعث تعفن اور وبائی امراض پھوٹ پڑی ہیں، ادویات اور علاج معالجے کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہونے کی وجہ سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، دور دراز دیہات تک امداد بھی نہیں پہنچ سکی۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 32 اور بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بارشوں اور سيلاب سے سندھ میں سب سے زیادہ 678 اموات ريکارڈ ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 299، خيبرپختونخوا میں 306 ، پنجاب میں 191، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 48 افراد زندگى کى بازى ہار گئے،
جاں بحق ہونے والوں میں 678 مرد 315 خواتين اور 552 بچے شامل ہیں۔این ڈی ایم اے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب سے مجموعی طور پر ملک بھر میں 19 لاکھ 21 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہوئے جبکہ 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔