ڈیرہ اسماعیل خان،پولیس ایس پی کی گاڑی پرریموٹ کنٹرول بم حملہ

خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کی تحصیل کلاچی میں پولیس ایس پی کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق دولت پور کے علاقے میں ایس پی صدر سرکل خالد عثمان خان خٹک کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ تھانہ ہتھالہ کی جانب جارہے تھے۔دھماکے کے وقت خالد عثمان اپنے گن مین اور ڈرائیور کے ہمراہ موجود تھے لیکن خوش قسمتی سے سب محفوظ رہے۔

دوسری جانب گذشتہ روز کلاچی تحصیل میں دو پولیو ورکرز کو مسلح افراد نے اغواء کرلیا ۔ سرکاری زرائع کے مطابق دونوں کو بعد ازاں اس شرط پر رہا کیا گیا کہ وہ علاقے میں پولیو ویکسنیشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں گذشتہ کئی ماہ سے اغواء برائے تاوان،سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ ماہ مسلح افراد نے پاک فوج کے ایک کرنل کو دو بھائیوں سمیت اس وقت اغوا کرلیا تھا جب وہ ایک مسجد میں والد کی فاتحہ خوانی کیلئے موجود تھے۔