جنوبی وزیرستان لوئر کی دو تحصیلوں میں کل بروز پیر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان

جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا اور شکئی میں ضلعی انتظامیہ نے 6 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ متاثرہ علاقوں میں تمام بازار، مارکیٹس اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔

جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران شکئی اور انزر چینہ روٹ سے وانا کی جانب داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا۔ صرف ایمرجنسی کی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے، شناختی کارڈ اور ضروری دستاویزات جمع کروانے کے بعد ہی سفر کی اجازت دی جائے گی۔

مزید احتیاطی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی مقام پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں نظر آئیں تو شہری اپنی گاڑیاں کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں