اورکزئی میں 9 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں 9 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت نے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 9 ماہ کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

ترجمان کے مطابق وائرس نے ہمارے ملک کے ایک اور بچے سے ایک صحت مند مستقبل چھین لیا ہے۔

اس سے پہلے رواں سال پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ، 3 کیسز صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں اور 2 کیسز سندھ کے شہر کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ27 نومبر سے صوبہ خیبر پختون خوا کے 6 ڈویژنز پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ اور ہزارہ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پشاور کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 53 ہزار پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات ہیں جبکہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 31 ہزار 392 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔