وزیراعلی علی امین گنڈاپور دوسرے روز بھی غائب، خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی مبینہ گمشدگی کے معاملے پر خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔

اسمبلی سیکرٹریٹ سےجاری مراسلے کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ کے اغوا ہونے کے معاملے پر بحث کی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے کو زیر بحث لایا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں خیبرپختونخوا ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے اور قبضہ کرنے جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تشدد پر بھی بحث ہوگی۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر اسمبلی اجلاس بلایا گیا ہے.

دوسری جانب علی امین گنڈا پور کے لاپتہ ہوئے دوسرا روز ہوگیا تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تاحال کوئی پتہ نہ چل سکا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کرنے لگیں جبکہ سرکاری ذرائع نے گرفتاری کی تردید کردی۔

قبل ازیں گذشتہ روز بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی علم نہیں ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین اس وقت کہاں ہیں، صبح 8 بجے علی امین سے سیٹلائٹ فون پر بات ہوئی تھی، ٹیلی فون پر بھی رابطہ نہیں ہورہا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جس وقت رینجرز اہلکار کے پی ہاؤس میں آئے اس وقت وزیراعلیٰ اسٹاف کے ہمراہ تھے، وزیر اعلیٰ سے ٹیلی فون پر رابطہ نہیں ہورہا، علی امین کو گرفتار کرنا توہین عدالت ہوگی، پشاور ہائیکورٹ نے انہیں ضمانت دی ہے۔