اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے صحافی وحید مراد کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئےانھیں ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔
صحافی وحید مراد کو آج بروز بدھ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عدالت میں صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ان پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری کے بعد وحید مراد کو ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر جی۔ 13 منتقل کر دیا گیا ہے۔
وحید مراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے سیکشن9، 10، 20 اور 26 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ سمیت متعدد صحافتی تنظیموں نے وحید مراد کے گھر میں گھس کر ان کو ’اغوا‘ کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وحید مراد کے اہل خانہ کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں واقع ان کے گھر سے ’کالے کپڑوں میں ملبوس نقاب پوش افراد نے اغوا‘ کر لیا تھا۔