ضلعی انتظامیہ نے نگران صوبائی وزیر عامر عبداللہ کے دورہ جنوبی وزیرستان اپر کو ضلع ٹانک تک محدود رکھتے ہوئے مخصوص ہم خیال سیاسی و قبائلی مشران کے ساتھ جرگہ منعقد کیا۔
ضلع ٹانک میں رہائش پذیر مالکان نے صوبائی وزیر سے محکمہ تعلیم اور صحت کی مانیٹرنگ میں نرمی برتنے سمیت جنوبی وزیرستان اپر کے دفاتر کو ضلع ٹانک میں ہی رہنے کا مطالبہ کردیا۔
30 سے 35 افراد پر مشتمل جرگے میں تحصیل چیئرمین لدھا سمیت پورے ضلع سے 7 بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔
بدھ کے روز پولیٹیکل کمپاؤنڈ ٹانک میں ہونے والے جرگے میں قبائلی مشران ہی اپنا نقطہ نظر پیش کرتے رہے جبکہ بلدیاتی نمائندوں کا اثرورسوخ برائے نام رہا۔
تحصیل چئیرمین سروکئی شاہ فیصل غازی کو مذکورہ جرگے میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی ۔
نیوز کلاوڈ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں جرگے کے دوران ضلع ٹانک میں ہی موجود تھا،اگر ایسا معلوم ہوتا کہ صوبائی وزیر کے ساتھ جرگہ ہے تو میں لازمی شرکت کرتا۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام ہوئے کافی عرصہ ہوا ہے تاہم ہمارے وہاں وہی پرانا نظام اب تک چل رہاہے، مخصوص مالکان کو مدعو کرکے منتخب نمائندوں کو نظر انداز کیا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ پولیس اپنے دفاتر جنوبی وزیرستان اپر منتقل کرسکتا ہے تو باقی اداروں کیوں نہیں۔
شاہ فیصل غازی کا کہنا تھاکہ جنوبی وزیرستان اپر کے ایک بچے کا بھی تعلیم سے محروم رہنا بہت بڑا ظلم ہے،جو لوگ ایجوکیشن مانیٹرنگ کی مخالفت کررہے ہیں اس میں نرمی لانے کی بات کرتے ہیں وہ قوم کے دشمن ہیں۔
علاقے کے سینیئر صحافی شاکر محسود کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے اپنی مخصوص لابی کو سامنے لاکر نگران صوبائی وزیر کے سامنے بیٹھا دیا تھا۔
نیوز کلاوڈ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیسے قبائلی مشران تھے جو ضلعی انتظامیہ کے دفاتر جنوبی وزیرستان اپر کو منتقل کرنے کے خلاف تھے۔
شاکر محسود کا کہنا تھا کہ جرگے کی تصویریں دیکھی تو اس میں سیاسی سرکاری اہلکار بھی موجود تھے جو کسی لحاظ سے بھی علاقے کی نمائندگی نہیں کرتے۔
جنوبی وزیرستان کی پہلی خاتون صحافی ریاض محسود بھی اسی جرگے کی کوریج کرنے ضلع ٹانک گئی ہوئی تھی۔
رضیہ محسود کا کہنا تھا کہ انھیں حیرت ہوئی جب مشران نے بار بار سکولوں اور ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کی مخالفت کررہے تھے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع،صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبد اللہ ضم اضلاع خصوصا جنوبی اپر،لوئر اور شمالی وزیرستان کے دورے پر ہیں ۔
گزشتہ روز ضلع ٹانک میں جنوبی وزیرستان اپر کے تمام محکموں کے افسران اور پھر علاقہ مشران کے ساتھ میٹنگز کی جبکہ آج جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانہ کا دورہ کریں گے۔